نئی دہلی:10/مئی (ایس او نیوز)ادب میں تعمیری فکر کے ترجمان ماہنامہ ’’پیش رفت‘‘ کو جدید دور کے تقاضوں کے تحت ہم آہنگ کرتے ہوئے اس کا آن لائن ایڈیشن ،ویب سائٹ ممتاز افسانہ نگار سید محمد اشرف کے بدست اجراء ہوا۔
نئی دہلی میں ادارہ ادب اسلامی ہند کی جانب سے ہندوستان میں افسانہ کی اہمیت پر منعقدہ دو روزہ قومی سمینار کے افتتاحی اجلاس میں مہمان خصوصی ممتاز افسانہ نگار جناب سید محمد اشرف نے موبائیل میں پیش رفت کا ویب ایڈریس www.peshraft.in کاافتتاح کیا۔ اس موقع پر اجلاس کے مہمان اعزازی پروفیسر ابن کنول، کلیدی خطیب پروفیسر معین الدین جینابڑے، صدر اجلاس ڈاکٹر حسن رضا،ادارہ ادب اسلامی ہند کے صدر ڈاکٹر شاہ رشاد عثمانی، ناظم اعلی اور سمینار کے کنوینر ڈاکٹر محمد نعیم فلاحی ،پروفیسر غضنفر موجود تھے۔حاضرین مجلس میں ادارہ کے مرکزی ذمہ داران، مختلف ریاستوں کے صدور و سکریٹریز، ملک کے مختلف علاقوں سے آنے ہوئے مقالہ نگار، ریسرچ اسکالر موجود تھے. اب پیش رفت کو www.peshraft.in پر آن لائن پڑھا جا سکتا ہے۔

اسی موقع پر ڈاکٹر فریدہ بانو (کوٹہ، راجستھان) کی تصنیف “ڈاکٹر ابن فرید :شخصیت اور خدمات” کا رسم اجرا ڈاکٹر حسن رضا صاحب کے بدست ہوا.اس مقالہ پر کوٹہ یونیورسٹی نے پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی ہے. یہ تحقیقی کام ڈاکٹر محمد نعیم فلاحی کی نگرانی میں کیا کیا گیا. ابن فرید عبقری شخصیت کے مالک تھے.. وہ ایک طرف بہتر ین افسانہ نگار تھے تو دوسری طرف ایک اچھے نقاد.. انہوں نے ناول لکھے، شاعری کی، ترجمے کیے، تبصرے لکھے، متعدد رسائل و جرائد کے مدیر رہے. بچوں اور خواتین کا ادب تحریر کیا. طنزیہ اور مزاحیہ مضامین لکھے… اس تصنیف کے ذریعے ابن فرید کی شخصیت اور ادبی خدمات کو منظرعام پر لایا گیا ہے۔